نئی دہلی،3؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر صحت ہرش وردھن نے ملک بھر میں جاری کورونا کے درمیان ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین پورے ملک میں مفت لگائی جائے گی۔
دہلی میں کورونا ویکسینیشن ڈرائی رن کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہرشوردھن نے کہا کہ صرف دہلی ہی نہیں پورے ملک میں کورونا ویکسین مفت میں دی جائے گی۔حالانکہ یہاں یہ بات اہم ہے کہ تمام شہریوں کو کورونا ویکسین نہیں ملے گی۔ حکومت نے پہلے بھی متعدد مواقع پر یہ واضح کر دیا ہے کہ تمام ہندوستانیوں کو اس کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صرف اتنی ہی آبادی کو ویکسین دی جائے گی جس سے کورونا انفیکشن کی چین ٹوٹ جائے۔
اب وزیر صحت نے یہ واضح کر دیا ہے کہ جس کو کورونا ویکسین لگے گی اس کے لئے اس سے معاوضہ نہیں لیا جائے گا۔ یہ ویکسین کس کو ملے گی حکومت اس کی نشاندہی کررہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 51 لاکھ افراد کو ویکسین دی جائے گی جن میں ہیلتھ کیئر ورکرز ، کورونا وارئیرز ، 50 سال سے زائدعمر کے افراد یا کسی بھی سنگین بیماری سے متاثرافراد شامل ہیں۔